نئی دہلی،28فروری( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی کے ممبر اسمبلی کپل مشرا کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرنے والے ٹیلی کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسر آشیش جوشی کو فوری طورپرمعطل کر دیا گیا ہے۔منگل کو وزارت مواصلات کے تحت آنے والے ڈپارٹمنٹ آف ٹیلی نے اس بارے میں حکم جاری کیا۔آشیش جوشی نے پیر کو ہی دہلی کے ممبر اسمبلی کپل مشرا کے خلاف دہلی کے پولیس کمشنر سے شکایت کی تھی کہ انہوں نے عام لوگوں کو اکسانے والا ایک ویڈیو سوشل میڈیا اور یو ٹیوب پر اپ لوڈ کیا ہے جو انڈین پینل کوڈ اور آئی ٹی ایکٹ کی سراسر خلاف ورزی ہے۔آشیش جوشی نے دہلی پولیس کے سربراہ انمول پٹنائک کو ایک خط لکھ کر کہا تھاکہ کپل مشرا نے سوشل میڈیا پر اپنا ایک اشتعال انگیز ویڈیو شیئر کیا ہے، جس میں وہ لوگوں کو کچھ شہریوں پر حملے کے لئے اکسا رہے ہیں،یہ ویڈیو آئی پی سی اور آئی ٹی ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔اس سے پہلے گزشتہ ہفتے آشیش جوشی نے کچھ اہم صحافیوں سمیت بہت سے لوگوں کو وہاٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر دھمکی دینے اور دہشت زدہ کرنے کی شکایت کی بنیاد پر 9 ٹیلی کمپنیوں کو نوٹس بھیج کر ان سے 15 دن میں کارروائی کی اطلاع مانگی تھی۔
ٹیلی کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل (اے سياے) وپی جيرتھ نے ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبہ میں کنٹرولر آف کمیونی کیشنز آشیش جوشی کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ٹیلی کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے 26 فروری کے حکم کے مطابق قابل اتھارٹی نے سینئر انتظامی سطح (ایس اے جی) کے افسر آشیش جوشی کو فوری طور معطل کر دیا ہے۔ جوشی، کنٹرولر آف کمیونی کیشنز، اتراکھنڈ میں تعینات ہیں۔
محکمہ کے ذرائع کہتے ہیں جوشی کی معطلی کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا ہے، لوگوں کو الجھن میں رکھا ہے اور طرز عمل کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور انہوں نے یہ کام ذاتی طور پر نہیں کیا بلکہ سرکاری سطح پر کیا۔اس حکم میں کہا گیا ہے کہ اس معطلی کی مدت کے دوران جوشی کو گزر بسر الاؤنس دیا جائے گا، جو ان کی بنیادی تنخواہ کا 50 فیصد ہوگا۔حکم میں کہا گیا ہے کہ اس دوران جوشی قابل افسر کی بغیر اجازت کے ہیڈکوارٹر نہیں چھوڑ پائیں گے۔